ایران سے ہرجانہ لینے کا مطالبہ، ٹرمپ کا امریکی ہلاکتوں پر معاوضے کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کے ہرجانے کے مطالبے کے جواب میں کہا ہے کہ امریکا بھی ایران سے ماضی میں ہونے والی ہلاکتوں اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے معاوضے کا مطالبہ کرے گا۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ہونے والے نقصانات کا ہرجانہ طلب کیا جارہا ہے، حالانکہ ان کے بقول سابقہ مذاکرات اور ملاقاتوں میں اس معاملے کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔
امریکی صدر نے کہا کہ اب وہ بھی ایران سے ان تمام افراد کے لیے معاوضے کا مطالبہ کریں گے جو ایرانی کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاک یا شدید زخمی ہوئے۔ انہوں نے اپنی مذاکراتی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ مستقبل میں ایران کے ساتھ ہونے والے تمام مذاکرات میں یہ معاملہ شامل کیا جائے۔
ٹرمپ نے ایران پر مختلف تنازعات اور حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے امریکی شہریوں کی ہلاکتوں کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے ماضی کے بعض واقعات، جن میں یو ایس ایس کول پر حملہ بھی شامل ہے، کے متاثرین کے خاندانوں کے لیے معاوضے کا مطالبہ کرنے کی بات کی۔
امریکی صدر نے ایران کے اندر ہونے والی ہلاکتوں اور مظاہروں کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کے متاثرین کے لیے بھی ہرجانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ آئندہ مذاکرات میں معاوضے کا معاملہ بھی اہم مطالبات میں شامل ہوگا۔






