:تازہ ترین خبریں

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ترکیہ کا سرکاری دورہ، دفاعی تعاون پر اہم ملاقاتیں متوقع

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی اعلیٰ ترک حکام اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، دفاعی شعبے میں تعاون، عسکری روابط اور خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کئی دہائیوں سے قریبی اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں، تربیتی پروگرامز اور مختلف سطحوں پر رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ ترکیہ سے دونوں ملکوں کے دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بات آگے بڑھے گی۔

دوسری جانب پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت کمیٹی کا پہلا اجلاس بھی استنبول میں ہونے جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام پیر کو استنبول میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ اجلاس تینوں ممالک کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔