جاپان میں کپڑوں کے اندر اے سی، پنکھوں والی شرٹ متعارف
جاپان میں شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے ایک ایسی شرٹ متعارف کرائی گئی ہے جس میں چھوٹے پنکھے نصب ہیں اور یہ چلتے پھرتے پہننے والے کو ٹھنڈی ہوا فراہم کرتی ہے۔
جاپانی ملبوسات بنانے والی کمپنی یوفوکو نو آویاما نے پنکھوں سے لیس کمپنی ایف زیڈ این کے اشتراک سے مختصر آستینوں والی یہ شرٹ تیار کی ہے۔ بظاہر یہ ایک عام دفتری شرٹ دکھائی دیتی ہے، تاہم اس کے پچھلے حصے میں کمر کے قریب دو پنکھے نصب ہیں، جو ہوا کو لباس کے اندر گردش دے کر جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔
اس طرح کے کولنگ ملبوسات جاپان میں گزشتہ چند برسوں سے تعمیراتی اور دیگر بیرونی کام کرنے والے افراد میں استعمال ہورہے ہیں، لیکن نئی شرٹ کو خاص طور پر دفتری ملازمین اور شہریوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔
شرٹ میں دو پنکھوں کے ساتھ ری چارج ہونے والی بیٹری بھی موجود ہے۔ ہر پنکھے کا وزن تقریباً 95 گرام جبکہ بیٹری پیک کا وزن 165 گرام ہے۔ ڈیزائنرز نے کوشش کی ہے کہ کولنگ سسٹم لباس کی ظاہری شکل کو زیادہ متاثر نہ کرے۔
کمپنی کے مطابق یہ شرٹ خاص طور پر سفر، پیدل چلنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے دوران مفید ہوسکتی ہے، جبکہ ایئر کنڈیشنڈ دفاتر میں اس کی ضرورت کم ہوگی۔
اس شرٹ کے مکمل پیکج کی قیمت 17,490 جاپانی ین مقرر کی گئی ہے، جس میں شرٹ، پنکھے، بیٹری اور چارجنگ کیبل شامل ہیں۔







