چیٹ جی پی ٹی میں واٹس ایپ کے لیے نیا اسٹیکر فیچر متعارف ہونے کا امکان
چیٹ جی پی ٹی صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کی جارہی ہے، جس کے ذریعے مصنوعی ذہانت سے تیار کیے گئے اسٹیکرز کو براہِ راست واٹس ایپ پر شامل کرنا ممکن ہوسکے گا۔
رپورٹس کے مطابق چیٹ جی پی ٹی میں بنائے گئے اسٹیکرز کو فی الحال واٹس ایپ پر استعمال کرنے کے لیے صارفین کو انہیں ڈاؤن لوڈ کرکے الگ سے تیار کرنا پڑتا ہے اور پھر واٹس ایپ میں درآمد کرنا ہوتا ہے، تاہم نیا فیچر اس عمل کو کافی آسان بنا سکتا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی ایپ کے تازہ ترین ورژن v1.2026.216 میں نئے فیچر سے متعلق مختلف شواہد سامنے آئے ہیں۔ ایپ کے کوڈ میں ’’چیٹ جی پی ٹی اسٹیکرز‘‘، ’’چیٹ ایپس میں شامل کریں‘‘ اور ’’واٹس ایپ میں شامل کریں‘‘ جیسے آپشنز شامل کیے گئے ہیں۔
ممکنہ طور پر صارفین ’’واٹس ایپ میں شامل کریں‘‘ کے بٹن کو دبا کر اپنے تیار کردہ اسٹیکرز کو واٹس ایپ پر ایک اسٹیکر پیک کی صورت میں منتقل کرسکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اس فیچر کے ذریعے واٹس ایپ پر اسٹیکر پیک بنانے کے لیے کم از کم تین اسٹیکرز درکار ہوں گے۔ یہ حد چیٹ جی پی ٹی کی جانب سے عائد کردہ شرط نہیں بلکہ واٹس ایپ کے اسٹیکر پیک سے متعلق قواعد کا حصہ ہے، جن کے تحت ایک پیک میں کم از کم تین اور زیادہ سے زیادہ 30 اسٹیکرز شامل کیے جاسکتے ہیں۔
تاہم یہ فیچر ابھی ترقی کے مرحلے میں ہے اور اس کی باضابطہ دستیابی یا لانچ کی تاریخ کے بارے میں کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔







