:تازہ ترین خبریں

ورلڈ کپ کے لیے ابھی تک میں ہی کپتان ہوں، شاہین آفریدی

پاکستان کے فاسٹ بولر اور قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ فی الحال ورلڈ کپ کے لیے قیادت کی ذمہ داری انہی کے پاس ہے۔

ملتان میں نیشنل چیمپئنز کپ کے آغاز سے قبل چاروں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ابھی تک ورلڈ کپ کے لیے میں ہی کپتان ہوں اور نیشنل چیمپئنز کپ کی کارکردگی سے ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے انتخاب میں بھی مدد ملے گی۔

نیشنل چیمپئنز کپ کا پہلا میچ پاکستان گرینز اور پاکستان وائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان گرینز کے کپتان شاداب خان بخار کے باعث ٹرافی کی تقریب اور ٹورنامنٹ سے قبل پریس کانفرنس میں شریک نہیں ہوسکے، جس کے باعث فہیم اشرف نے ان کی نمائندگی کی۔

نیشنل چیمپئنز کپ 11 سے 18 اگست تک ملتان میں جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلیوز اور پاکستان گولڈ کی ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں 18 اگست کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹورنامنٹ میں شاداب خان، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان اور شاہین شاہ آفریدی بالترتیب چاروں ٹیموں کی قیادت کریں گے۔

تمام میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے، جبکہ ہر میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔