کراچی: میر رضا علی کیس کی تحقیقات میں 28 جولائی کو ہونے والی ان کی آخری فون کالز اور موصول ہونے والے پیغامات سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ 28 جولائی کو میر رضا علی سے فون پر رابطہ کرنے والے افراد اور انہیں پیغامات بھیجنے والوں سے پوچھ گچھ کی جائے گی تاکہ اس روز پیش آنے والے واقعات کی کڑیاں ملائی جاسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا علی نے 28 جولائی کی رات دو مختلف افراد سے مجموعی طور پر تین مرتبہ فون پر گفتگو کی۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق رات 2 بج کر 13 منٹ اور 2 بج کر 16 منٹ پر انہوں نے علی نامی شخص سے بات کی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق اس کے بعد میر رضا علی کو ان کے دوست عبداللہ کی فون کال موصول ہوئی، جو اس روز ان کی آخری فون کال تھی۔ دونوں کے درمیان تین منٹ سے زائد گفتگو ہوئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ میر رضا علی کے فون پر آخری 8 پیغامات صبح 4 بج کر 20 منٹ سے 4 بج کر 22 منٹ کے درمیان موصول ہوئے، تاہم انہوں نے ان پیغامات میں سے کسی کا بھی جواب نہیں دیا۔
تفتیشی ٹیم ان آخری رابطوں، کال ریکارڈ اور پیغامات کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ میر رضا علی کے آخری لمحات سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔







