:تازہ ترین خبریں

بالی ووڈ کے معروف اداکار راجپال یادیو ایک بار پھر مالی مشکلات کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سینٹرل بینک آف انڈیا نے ان کی پروڈکشن کمپنی سے متعلق قرض کی وصولی کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

بینک کی جانب سے اتر پردیش میں موجود ان کی آبائی جائیداد پر نوٹس چسپاں کیا گیا ہے۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر مقررہ وقت میں بقایا رقم ادا نہ کی گئی تو گروی رکھی گئی جائیدادوں کو نیلام کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق قرض کی رقم بڑھ کر تقریباً 16 کروڑ 61 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ بینک نے ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں آن لائن نیلامی کا عمل شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

یہ معاملہ راجپال یادیو کی پروڈکشن کمپنی سے متعلق ہے، جس کے لیے انہوں نے 2005 میں قرض حاصل کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس قرض سے بننے والی فلم کامیاب نہ ہو سکی، جس کے بعد مالی مشکلات بڑھتی گئیں۔

دوسری جانب راجپال یادیو کے خاندان کا کہنا ہے کہ بینک کے ساتھ معاملات حل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔