:تازہ ترین خبریں

کراچی: سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے اور اپنے بیٹے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مبینہ بے بنیاد الزامات کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے رابطہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق شرجیل انعام میمن کی جانب سے 9 اگست کو این سی سی آئی اے میں تحریری شکایت جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ان کے اور ان کے بیٹے راول میمن کے خلاف جھوٹے، من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی الزامات پھیلائے جا رہے ہیں۔

شکایت میں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ان دعوؤں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں موجود ایک گیسٹ ہاؤس شرجیل میمن کی ملکیت ہے اور وہاں میر علی رضا نامی شخص کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔

شرجیل میمن نے معاملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انکوائری کے دوران متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی مبینہ غلط معلومات اور الزامات کی حقیقت سامنے لانے کے لیے معاملے کی مکمل چھان بین پر زور دیا ہے۔