میر رضا کیس: گلستان جوہر کے گیسٹ ہاؤس کی ملکیت سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں
کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کے قتل کی تحقیقات کے دوران گلستان جوہر میں واقع مشکوک گیسٹ ہاؤس سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گلستان جوہر بلاک 1 میں موجود بنگلے کی مالکن 71 سالہ طاہرہ سلطانہ ہیں، جبکہ یہ مکان لیاقت علی نامی شخص نے کرائے پر حاصل کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ رواں سال مئی میں بنگلا کرائے پر لینے کے بعد اسے گیسٹ ہاؤس کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔
ذرائع کے مطابق مکان کی مالکن کے شوہر 2008 میں لیبر ڈائریکٹر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔
پولیس نے میر رضا کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں گلستان جوہر میں قائم مشکوک گیسٹ ہاؤس کو سیل کردیا ہے۔ کارروائی کے دوران گیسٹ ہاؤس کے عملے کے 6 افراد سمیت سوئفٹ کار میں وہاں پہنچنے والے مزید 4 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس میں اب تک مجموعی طور پر 19 افراد کو شاملِ تفتیش کیا جاچکا ہے، جبکہ نئی تشکیل دی گئی تحقیقاتی ٹیم زیرحراست افراد سے مزید پوچھ گچھ کرے گی۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے ان افراد سے بھی تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن سے میر رضا علی نے 28 جولائی کو رابطہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ 25 سالہ تاجر میر رضا علی 28 جولائی کو لاپتہ ہوئے تھے۔ اگلے روز ان کی گولی لگی لاش گلستان جوہر کے شاہی قلعہ گراؤنڈ کے قریب جھاڑیوں سے برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے قتل کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کیں۔







