:تازہ ترین خبریں

محمد عامر نے پاکستان کے مستقبل کے فاسٹ بولرز کے نام بتادیے

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے ملک میں موجود چند ابھرتے ہوئے تیز گیند بازوں کی نشاندہی کرتے ہوئے تین ایسے نام بتائے ہیں جو مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

حالیہ پوڈ کاسٹ میں محمد عامر سے ان پاکستانی کرکٹرز کے بارے میں سوال کیا گیا جنہیں عالمی سطح پر شائقین ابھی زیادہ نہیں جانتے۔ اس پر سابق فاسٹ بولر نے محمد علی، علی رضا اور خرم شہزاد کے نام لیے۔

محمد عامر نے محمد علی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے خیال میں مستقبل میں پاکستان کے لیے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محمد علی فرسٹ کلاس کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے علاوہ ناٹنگھم شائر کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔

سابق فاسٹ بولر نے نوجوان تیز گیند باز علی رضا کو بھی خاص طور پر سراہا اور کہا کہ اگر انہیں درست انداز میں استعمال کیا جائے تو وہ پاکستان کے لیے بہترین فاسٹ بولر ثابت ہوسکتے ہیں۔

محمد عامر کے مطابق علی رضا میں تیز رفتار بولنگ کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور مستقبل میں وہ قومی ٹیم کے لیے نمایاں کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

18 سالہ علی رضا نے پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ دو ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی جانب سے 14 میچز میں 22 وکٹیں حاصل کی ہیں، جس کے بعد انہیں پاکستان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولرز میں شمار کیا جارہا ہے۔

محمد عامر نے خرم شہزاد کا نام بھی ان کھلاڑیوں میں شامل کیا جو آنے والے برسوں میں پاکستان کے فاسٹ بولنگ شعبے کو مضبوط بناسکتے ہیں۔