زو کیپر کو بیوی اور بیٹی کے سامنے شیر نے ہلاک کردیا
امریکی ریاست اوکلاہوما میں شیر کے حملے میں 37 سالہ جانوروں کے نگہبان رائن ایسلی ہلاک ہوگئے۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ شیر کے ایک شو کے اختتامی مرحلے میں موجود تھے اور وہاں ان کی اہلیہ، کمسن بیٹی اور دیگر سیاح بھی موجود تھے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اوکلاہوما کے شہر ہیوگو کے قریب واقع گرولر پائنز ٹائیگر پریزرو میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق شیر نے اچانک ایسلی پر حملہ کیا، انہیں کاٹا اور پھر جھنجھوڑا۔
واقعے کے فوراً بعد ہنگامی امدادی ٹیموں کو طلب کیا گیا۔ حکام چند منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، تاہم اس وقت تک رائن ایسلی دم توڑ چکے تھے۔ کاؤنٹی شیرف کے مطابق حملہ کرنے والا شیر کافی عرصے سے ایسلی کی نگرانی میں تھا۔
رائن ایسلی کا تعلق مشہور ’ٹائیگر کنگ‘ سیریز سے وابستہ جو ایکزوٹک سے بھی رہا تھا اور وہ طویل عرصے سے بڑے شکاری جانوروں کے ساتھ کام کررہے تھے۔
گرولر پائنز ٹائیگر پریزرو نے ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رائن ایسلی جانوروں سے گہری محبت رکھتے تھے اور ان کی زندگی کا بڑا حصہ جانوروں کی دیکھ بھال اور تحفظ کے لیے وقف تھا۔ واقعے کے بعد ادارے نے اپنے دورے بھی عارضی طور پر منسوخ کردیے تھے۔







